میر رضا علی کے انصاف کیلیے کراچی میں سول سوسائٹی کا احتجاج

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کروائیں جائیں، لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے


منور خان August 07, 2026
فوٹو ایکسپریس

پی ای سی ایچ ایس کے رہائشی نوجوان میر رضا کے انصاف کیلیے شہریوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے شارع فیصل نرسری کے قریب احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔

شارع فیصل نرسری کے قریب لگاتار پانچویں روز شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی جس میں انہوں نے رضا کو انصاف دو کے نعرے لگائے۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے میں جس پر میر رضا کے اہلخانہ کو انصاف فراہم کرنے اور اس کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے مطالبات درج تھے۔

خواتین اور لڑکیاں آج بھی احتجاج میں شریک ہوئیں اور انہوں نے بھی مقتول کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی جبکہ کیس کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ دہرایا۔

اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر رضا کا قتل ہوا ہے جسے مبینہ طور پر خودکشی کا رنگ دیا جا رہا ہے جبکہ پوسٹ مارٹم بھی ٹھیک طریقے سے نہیں کیا گیا اور اب دوبارہ سے قبرکشائی کر کے میر رضا کی میت نکال کر دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا جائیگا۔

 مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ میر رضا کے اہل خانہ کو انصاف ملے اور اس واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائے اور اس کے قتل میں جو بھی ملوث ہے اس گرفتار کیا جائے۔

مظاہرے میں شامل ایک شخص کا کہنا تھا کہ میر رضا میرے بیٹے کا کلاس فیلو اور بچوں جیسا تھا اس کی بہیمانہ موت کی شفاف تحقیقات کرائی جائے۔