انسانی اعضاء کی غیرقانونی خرید و فروخت؛ گرفتار 3غیر ملکی باشندوں کا ضمانت کیلیے عدالت سے رجوع

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بینچ کی تبدیلی کے لیے فائل چیف جسٹس آفس کو بھجوا دی


ویب ڈیسک August 07, 2026

اسلام آباد:

انسانی اعضاء کی مبینہ غیر قانونی خرید و فروخت کے کیس میں گرفتار تین غیر ملکی باشنوں نے بھی ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بینچ کی تبدیلی کے لیے فائل چیف جسٹس آفس کو بھجوا دی۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے لی گنگ سائی، پنگ فی گوو اور وانگ باؤ کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاران کی جانب سے بیرسٹر یاور گردیزی عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار وکیل نے موقف اپنایا کہ اسی طرح کی درخواستیں دوسرے بینچ میں پہلے سے زیر سماعت ہیں۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ وہ تو موسم گرما کی چھٹیوں پر ہیں، ایک ماہ لگ جائے گا، جس پر وکیل نے استدعا کی کہ ان کیسز کو بھی جسٹس اعظم خان کے بینچ میں منتقل کر دیا جائے۔

عدالت نے بینچ تبدیلی کے لیے فائل چیف جسٹس آفس کو بھجوا دی۔

ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل میں مقدمہ درج ہے، ٹرائل کورٹ نے ملزمان کی ضمانت بعد ازگرفتاری درخواستیں خارج کر رکھی ہیں۔