کراچی:
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ میں ہونے والے دفاعی معاہدے کی خوشی میں کراچی کی سرکاری و تاریخی عمارتوں کو برادر اسلامی ممالک کے قومی پرچموں اور خصوصی روشنیوں سے سجا دیا گیا۔
کراچی کی اہم سرکاری عمارتیں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے رنگوں سے جگمگا اٹھیں۔ سندھ اسمبلی کی عمارت پر تینوں ممالک کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے جبکہ سندھ سیکریٹریٹ کو بھی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے جھنڈوں کی مناسبت سے خصوصی لائٹنگ سے سجایا گیا۔
شہر کی تاریخی عمارت فریئر ہال بھی پاک سعودی ترک دفاعی معاہدے کی مناسبت سے خصوصی روشنیوں سے روشن کردی گئی۔ عمارت پر کی جانے والی خوبصورت لائٹنگ نے شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
کراچی کی اہم شاہراہوں اور دیگر نمایاں عمارتوں پر بھی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے ہیں جس سے شہر میں برادر اسلامی ممالک سے اظہارِ یکجہتی کا منظر نمایاں ہے۔
پاک سعودی ترک دفاعی معاہدے کے تناظر میں کراچی کی عمارتوں کو قومی پرچموں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجانے کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔