چیٹ جی پی ٹی کا واٹس ایپ کے لیے نئے فیچر پر کام جاری!

یہ فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور باضابطہ طور پر جاری نہیں کیا گیا


ویب ڈیسک August 09, 2026

اوپن اے آئی ممکنہ طور پر چیٹ جی پی ٹی میں ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی مرضی کے اسٹیکرز بنا کر انہیں براہِ راست واٹس ایپ پر شامل کر سکیں گے۔ اس فیچر کے لیے صارفین کو الگ اسٹیکر بنانے والی ایپس استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

یہ فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور باضابطہ طور پر جاری نہیں کیا گیا۔ اس کی موجودگی چیٹ جی پی ٹی کی اینڈرائیڈ ایپ کے تازہ ترین ورژن کے اے پی کے تجزیے کے دوران سامنے آئی ہے۔ حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق اس فیچر کا نام ’چیٹ جی پی ٹی اسٹیکرز‘ رکھا گیا ہے۔

فیچر میں اسٹیکرز بنانے، انہیں ڈاؤن لوڈ کرنے اور دیگر میسجنگ ایپس میں شامل کرنے کے آپشنز موجود ہونے کا امکان ہے۔

ان میں ایک آپشن خاص طور پر ’ایڈ ٹو واٹس ایپ‘ کے نام سے سامنے آیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ صارفین چیٹ جی پی ٹی میں اسٹیکرز کا ایک سیٹ تیار کرکے اسے واٹس ایپ کے کسٹم اسٹیکر پیک کے طور پر شامل کر سکیں گے۔

ایپ میں موجود بعض پیغامات (جن میں واٹس ایپ (3 مِنیمم) اور ’Couldn’t add stickers to WhatsApp‘ شامل ہیں) اس بات کی جانب بھی اشارہ کرتے ہیں کہ واٹس ایپ پر اسٹیکر پیک شامل کرنے کے لیے کم از کم تین اسٹیکرز درکار ہو سکتے ہیں۔ تاہم یہ شرط ممکنہ طور پر چیٹ جی پی ٹی کے بجائے واٹس ایپ کی اپنی پالیسی کا حصہ ہے۔

اگر یہ فیچر باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا گیا تو صارفین کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے اسٹیکرز تیار کرکے انہیں واٹس ایپ پر استعمال کرنا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔