کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، جن میں سے 5 ملزمان زخمی حالت میں پکڑے گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی۔
ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 22 میں مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم ارسلان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرے گرفتار ملزم محمد نعیم کو تھانے منتقل کردیا گیا۔
کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔
دوسری کارروائی میں پاک کالونی پولیس کا پرانا گولیمار کی گھاس والی گلی میں مبینہ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جس کی شناخت محتجب کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا۔
اورنگی ٹاؤن پولیس نے سیکٹر 6-E ندی کنارے مبینہ مقابلے کے دوران 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت جمشید اور وجاہت کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں ملزمان پیدل واردات کے لیے جا رہے تھے۔
ادھر عوامی کالونی پولیس نے کورنگی عوامی کالونی باڑے کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ایدھی حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت جہانزیب کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔