لاہور:
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ آزادی کے موقع پر لاہور کے شہریوں کو ایک خوبصورت تحفہ دے دیا، ریلوے اسٹیشن کے پارکنگ ایریا میں شہر کا پہلا ڈانسنگ فاؤنٹین نصب کر دیا گیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی جانب سے نصب کیے گئے اس رنگا رنگ ڈانسنگ فاؤنٹین نے علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کر دیا ہے اور شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
اس منصوبے کے ساتھ ساتھ ریلوے اسٹیشن کے پارکنگ ایریا اور اطراف میں اربن ریجنریشن کے تحت مختلف ترقیاتی کام بھی مکمل کیے گئے ہیں۔
یومِ آزادی کی مناسبت سے ریلوے اسٹیشن کے اطراف کے علاقے کو سبز و سفید برقی قمقموں اور قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے، جس سے پورا علاقہ ایک دلکش منظر پیش کر رہا ہے۔
اسی طرح ایل ڈی اے ہیڈکوارٹر جوہر ٹاؤن سمیت مختلف دفاتر، پارکنگ پلازوں اور اہم مقامات کو بھی سبز و سفید روشنیوں سے منور کیا گیا ہے، جس سے جشنِ آزادی کی خوشیاں مزید دوبالا ہو گئی ہیں۔
شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے لاہور کی خوبصورتی میں اضافے اور یومِ آزادی کے موقع پر ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔