کراچی:
پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزارِ قائد پر حاضری دی۔
انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ہم کام کر رہے تھے، ہیں اور کرتے رہیں گے۔ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو جو عزت ملی اس پر خوشی ہوتی ہے۔ مودی نے اربوں ڈالر لگا کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا لیکن وہ ناکام ہو گیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ملک کے اندر اب سیاسی استحکام آ گیا ہے اور ہمیں متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، منفی پروپیگنڈے کے باوجود کراچی چلتا ہے۔ اس شہر کے لوگوں نے اس ملک سے محبت کی ہے اور اس کی خدمت کی ہے۔ آنے والا وقت اللہ ہم سب کے لیے بہتر فرمائے گا۔
میئر نے بلدیاتی نظام پر بات کرتے ہوئے کہا کچھ لوگوں کی سوچ بلدیاتی نظام کی نہیں بلکہ مخصوص سیاسی نظام کی ہے۔ ماضی میں شہر کو یرغمال بنا لیا جاتا تھا۔
انہوں نے پنجاب میں حالیہ بارشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ سب کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے۔ پنجاب کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ میں اس پر تنقید نہیں کروں گا کیونکہ یہ ایک نیچرل عمل ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کے لوگ اتنے ہی قابل احترام ہیں جتنے کراچی کے ہیں۔