خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں یوم آزادی کے موقع پر جشن کے دوران خاتون کا روپ دھار کر بے ہودہ حرکات کرنے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ سٹی کی حدود میں یوم آزادی کی رات خاتون کا روپ دھار بے ہودہ حرکات کرنے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا، جو برقعہ پہن کر خاتون ہونے کا تاثر دے رہا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ایک نوجوان نے خاتون کا روپ دھارنے کے لیے سفید برقع پہنا تھا اور جشن آزادی کی شب بے ہودہ حرکات کا مرتکب ہو رہا تھا۔
ملزم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ڈیرہ اسماعیل خان کے رواج و پہچان سفید برقع کی پامالی کرتے ہوئے فحش اور بے ہودہ حرکات کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے منچلے کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مذکورہ نوجوان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔