پشاور:
ضلع صوابی میں ہنڈ کے مقام پر دریائے سندھ سے ایک لاش نکال لی گئی، باپ، دو بیٹوں اور ایک نوجوان کی تلاش جاری ہے۔
امدادی ادارے کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر سیر و تفریح کے لیے آنے والے افراد دریائے سندھ کے ٹھںڈے پانی اور ہواؤں سے لطف اندوز ہورہے تھے کہ اس دوران نہاتے ہوئے تیز و تند لہروں کی زد میں آکر 5 افراد ڈوب گئے۔
گزشتہ روز دربو بابا یارحسین کے رہائشی جماعت ششم کے طالب علم مشال کی لاش نکالی گئی تھی، 1122 صوابی کی غوطہ خور ٹیم نے کل شام سے جاری سرچ آپریشن کے بعد ہفتے کے روز دریائے سندھ سے ریکور کرلی تاہم اب مردان سے تعلق رکھنے والے باپ اور ان کے دو نوجوان بیٹوں اور چارسدہ کے ایک نوجوان کی تلاش جاری ہے۔

ڈوبنے والوں میں 26 سالہ اویس چارسدہ، 45 سالہ شکیل اور اس کا 20 سالہ بیٹا شرجیل، 16 سالہ بیٹا حضر مردان اور 14 سالہ مشال یارحسین صوابی شامل ہیں۔