اسلام آباد:
وزیراعظم نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اسے جلد تعمیر کرنے کی ہدایت کردی اور ہدایت دی کہ ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کے لیے اسے مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو شہریوں کے لیے آسان، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور آسان ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں، شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ہم عصر تقاضوں کے مطابق مزید موثر بنایا جائے، آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات میں وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی اب تک کی اہم ترین اصلاحات میں سے ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں اور ایس او ایز میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے تمام سرکاری املاک کی ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر اظہار برہمی کیا، وزیراعظم نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے اور ٹیکنالوجی پارک کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کے لیے مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جائے۔
بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ این آئی ٹی بی کی رائٹ سائزنگ کی جا چکی ہے اور اہم عہدوں پر تعیناتی ایک شفاف طریقے سے کی جارہی ہے، تمام وفاقی وزارتیں ای آفس پر منتقل ہوچکی ہیں جبکہ دیگر محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں اس کی ترویج پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔