کراچی:
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات گئے پیدل شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور بلدیاتی و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی، واٹر کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ آئی آئی چندریگر روڈ، کھارادر، میٹھادر اور اولڈ سٹی ایریا کا دورہ کیا۔
مرتضیٰ وہاب نے مختلف سڑکوں اور گلیوں کی صورتحال، جاری بیوٹیفکیشن اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ متعلقہ حکام سے جاری کاموں پر بریفنگ بھی لی۔
میئر کراچی کے مطابق رات گئے دورے کا مقصد شہر کی صورتحال کا خود جائزہ لینا اور شہریوں کے مسائل و شکایات براہِ راست سننا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک شہریوں کو درپیش مسائل حل نہیں ہوتے۔
دورے کے دوران میئر کراچی نے متعلقہ حکام کو سڑکوں اور گلیوں کی صورتحال بہتر بنانے سمیت دیگر ضروری اقدامات کی ہدایات بھی جاری کیں۔