صوابی؛ شدید بارش سے مختلف مقامات پر عمارتیں منہدم، باپ بیٹی جاں بحق، مزید نقصانات کا خدشہ

ریسکیو 1122 کے بروقت رسپانس کے باعث 300 سے زائد متاثرہ افراد محفوظ مقامات پر منتقل


ویب ڈیسک August 20, 2026

پشاور:

ضلع صوابی کے مختلف علاقوں میں عمارتیں منہدم ہونے اور گھر کی چھت گرنے کے باعث اب تک دو افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت منہدم ہونے کے واقعے میں کوئی شخص ملبے تلے موجود نہیں تھا۔

جرندو نہر میں عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 2 افراد متاثر ہوئے، جنہیں ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

اعظم آباد چوکی میں عمارت منہدم ہونے سے 5 افراد متاثر ہوئے، جنہیں ریسکیو 1122 نے کارروائی کرتے ہوئے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

آزاد خیل، ٹوپی کے علاقے میں عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 4 افراد ملبے تلے پھنس گئے تھے۔ ریسکیو ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو زندہ نکال لیا، جبکہ 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

ریسکیو 1122 صوابی کی ٹیموں نے تمام مقامات پر بروقت رسپانس دیتے ہوئے امدادی کارروائیاں مکمل کیں۔

دوسری جانب، ریسکیو 1122 نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے 300 سے زائد متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔

ضلع صوابی تحصیل رزڑ کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس پر ریسکیو 1122 صوابی کی ٹیموں نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

خمزہ ڈھیر، منصب دار، مناگئ، ترکئی، لنڈی چم، قمرگئی اور ڈھنڈوقہ میں ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے کشتیوں اور لائف جیکٹس کی مدد سے 300 سے زائد متاثرہ افراد، جن میں بچے، خواتین اور بزرگ شامل تھے، کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

ریسکیو آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر صوابی اویس بابر اور ایمرجنسی آفیسر صوابی نعمان خان نے کی، جبکہ اسٹیشن ہاؤس انچارجز اور ریسکیو اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں موجود رہے۔

ریسکیو 1122 صوابی کے مطابق شدید بارش اور طغیانی کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رہیں اور متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں الرٹ رہیں۔