شامی وزیر خارجہ کی نائب وزیراعظم سے ملاقات، مکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم

دونوں ممالک نے مشترکہ مفادات سے متعلق شعبوں میں رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا


ویب ڈیسک August 20, 2026

اسلام آباد:

شامی وزیر خارجہ  نےنائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے مکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان کے دورے پر آئے شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی سے وفود کی سطح پر جامع مذاکرات کیے، جس دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، تعاون کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

مذاکرات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور شام کے درمیان طویل عرصے سے قائم برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ روابط مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اسحاق ڈار اور شامی وزیر خارجہ نے علاقائی و عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر فلسطین، گولان کی پہاڑیوں، افغانستان، جنوبی ایشیا کی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی تازہ پیش رفت سمیت مختلف امور پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مذاکرات میں شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے شام کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رکھنے کے عزم کو بھی واضح کیا۔

شامی وزیر خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے امریکا اور ایران کے تناظر میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے باہمی روابط اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں ممالک نے مشترکہ مفادات سے متعلق شعبوں میں رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔