انگلینڈ کے فٹبالر ہیری کین نے دوسری بار یورپی گولڈن شو جیت لیا

انہوں نے کہا کہ اپنے کیریئر میں دوسری مرتبہ یورپی گولڈن شو جیتنے پر مجھے بہت فخر ہے


ویب ڈیسک August 20, 2026

انگلینڈ کے اسٹار فٹبالر ہیری کین نے اپنے کیریئر کا دوسرا یورپی گولڈن شو جیت لیا۔ انہیں یہ اعزاز بدھ کے روز بائرن میونخ میوزیم میں منعقدہ تقریب کے دوران دیا گیا۔

ہیری کین نے گزشتہ سیزن جرمن بنڈس لیگا میں 36 گول اسکور کرکے گولڈن شو اپنے نام کیا۔ مانچسٹر سٹی کے نارویجن اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ 27 گول کے ساتھ دوسرے جبکہ ریال میڈرڈ کے فرانسیسی فارورڈ کیلیان ایمباپے 25 گول کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

ہیری کین نے اس سے قبل بائرن میونخ کے ساتھ اپنے پہلے ہی سیزن 2023-24 میں بھی 36 گول کرکے یورپی گولڈن شو جیتا تھا۔

اعزاز حاصل کرنے کے بعد ہیری کین نے کہا کہ دوسری مرتبہ گولڈن شو جیتنا میرے کے لیے پہلے اعزاز سے بھی زیادہ اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ٹیم نے گزشتہ سیزن میں تین ٹائٹلز جیتے اور اسی وجہ سے یہ کامیابی مزید خاص ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے کیریئر میں دوسری مرتبہ یورپی گولڈن شو جیتنے پر مجھے بہت فخر ہے اور  یہ اعزاز میرے شاندار ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور خاندان کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔