اہم کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مستعفی، نئے کوچ کیلیے درخواستیں طلب

ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 اگست مقرر


ویب ڈیسک August 20, 2026

کینیڈا کی مینز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد کرکٹ کینیڈا نے نئے ہیڈ کوچ کے لیے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔

کینیڈا کی مینز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مونٹی ڈیسائی نے رواں سال مئی میں کینیڈا کی ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی تھی اور ان کے مختصر دور میں ورلڈ کپ لیگ 2 کی دو سہ فریقی سیریز میں ٹیم کی کوچنگ کی جن میں ایک سیریز کینیڈا اور دوسری اسکاٹ لینڈ میں کھیلی گئی۔

مونٹی ڈیسائی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ کینیڈا کے عبوری ہیڈ کوچ کی حیثیت سے گزشتہ تین ماہ ان کے لیے مختصر لیکن بامعنی تجربہ رہا۔ انہوں نے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور کرکٹ کینیڈا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تجربے سے حاصل ہونے والے اسباق اور بننے والے تعلقات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

کرکٹ کینیڈا نے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 اگست مقرر کی ہے۔ کینیڈا کی اگلی ورلڈ کپ لیگ 2 مہم 9 اکتوبر سے عمان میں شروع ہوگی جہاں اس کا مقابلہ عمان اور نیپال سے ہوگا۔

کینیڈا اس وقت لیگ 2 کی پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے اور اس کے چار میچز باقی ہیں۔ ٹیبل کی ٹاپ چار ٹیمیں اگلے سال ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائر میں جگہ بنائیں گی۔

مونٹی ڈیسائی کا کینیڈا کے ساتھ یہ دوسرا دور تھا، اس سے قبل وہ 2019 میں بھی ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔