پشاور:
آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2026 میں شامل خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات نے قلعہ بالاحصار پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں قلعے کی تاریخی اہمیت، سیکیورٹی صورتحال اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کے کردار سے آگاہ کیا گیا۔
دورے کے دوران طلبہ نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ طلبہ کو قلعہ بالاحصار کی تاریخی اہمیت اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کی خدمات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
طلبہ نے قلعہ بالاحصار کے تاریخی میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں خطے کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر طلبہ کو قیامِ امن اور خطے کی ترقی کے لیے فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ میں شریک طلبہ و طالبات نے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آئی جی ایف سی نے طلبہ کے سوالات کے جامع اور مدلل جوابات دیے اور انہیں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔
طلبہ نے دورے کو مفید اور معلوماتی قرار دیتے ہوئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کا شکریہ ادا کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ بریفنگ سے انہیں ایف سی کے کردار اور سیکیورٹی چیلنجز کو سمجھنے میں مدد ملی جبکہ ملکی دفاع کے حوالے سے بھی ایک نیا نقطۂ نظر حاصل ہوا۔
ایک طالبہ نے کہا کہ قلعہ بالاحصار کے دورے سے انہیں اپنے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے بارے میں بہت کچھ جاننے کا موقع ملا۔
ایک طالب علم کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہوا کہ ایف سی کے جوان امن و امان کے قیام کے لیے کس طرح خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کرتے ہیں۔
طلبہ نے اس دورے کو تعلیمی، معلوماتی اور یادگار قرار دیا۔