اسرائیل میں پولینڈ شہری کے قتل کا کیس بغیر فیصلہ سنائے ختم، پولینڈ کا احتجاج

غزہ کے وسطی علاقے میں ورلڈ سینٹرل کچن کے امدادی کارکنوں کے قافلے پر اسرائیلی فضائی حملہ ہوا تھا


ویب ڈیسک August 21, 2026

اسرائیل نے غزہ میں 2024 کے فضائی حملے سے متعلق فوجداری کارروائی ختم کر دی ہے جس میں اسرائیلی فضائی حملے میں پولینڈ کے شہری اور امدادی کارکن ڈیمیان سوبول سمیت ورلڈ سینٹرل کچن کے 7 کارکن ہلاک ہوگئے تھے۔

میدیا رپورٹس کے مطابق پولینڈ کی حکومت نے اس غیرمنصفانہ اقدام پر اسرائیلی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

اپریل 2024 میں غزہ کے وسطی علاقے میں ورلڈ سینٹرل کچن کے امدادی کارکنوں کے قافلے پر اسرائیلی فضائی حملہ ہوا تھا۔ حملے میں 7 امدادی کارکن ہلاک ہوئے، جن میں پولینڈ کے شہری ڈیمیان سوبول بھی شامل تھے۔

واقعے نے عالمی سطح پر شدید ردعمل پیدا کیا تھا اور اسرائیل نے بعد میں حملے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا تاہم اسرائیل نے 19 اگست 2026 کو اس معاملے میں فوجداری کارروائی آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

پولینڈ کی وزارتِ خارجہ نے اس فیصلے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا اور اسرائیلی سفیر کو وارسا میں طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

پولینڈ کے نائب وزیر خارجہ اگناسی نیمچیتسکی نے فیصلے کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ طاقت کا استعمال متناسب ہونا چاہیے اور نامناسب طاقت کے استعمال کے نتائج بھی ہونے چاہئیں۔