دو روز میں 30 وکٹیں گرنے کے باوجود میکے کی پچ کو ’بہترین‘ ریٹنگ ملنے کا امکان

میکے ٹیسٹ میں صرف 125 اوورز کے دوران 30 وکٹیں گر گئیں اور آسٹریلیا نے دو دن کے اندر میچ اپنے نام کرلیا


اسپورٹس ڈیسک August 24, 2026

آسٹریلیا اور بنگلادیش کے درمیان میکے میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ صرف دو دن میں ختم ہونے کے باوجود پچ کو اعلیٰ ترین ریٹنگ ملنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق میچ ریفری سر رچی رچرڈسن گریٹ بیریئر ریف ارینا کی پچ کو ’بہت اچھی‘ قرار دینے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم حتمی منظوری آئی سی سی کی جانب سے دی جائے گی۔

’بہت اچھی‘ چار ممکنہ کیٹیگریز میں سب سے اعلیٰ درجہ ہے جس کے لیے پچ میں مناسب باؤنس، محدود سیم موومنٹ اور میچ کے آغاز میں مستقل اچھال ہونا ضروری سمجھا جاتا ہے تاکہ بیٹرز اور بولرز کے درمیان متوازن مقابلہ ہوسکے۔

میکے ٹیسٹ میں صرف 125 اوورز کے دوران 30 وکٹیں گر گئیں اور آسٹریلیا نے دو دن کے اندر میچ اپنے نام کرلیا۔

تاہم آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کا کہنا ہے کہ پچ ایسی نہیں تھی کہ میچ لازماً دو دن میں ختم ہوتا۔

ہیزل ووڈ کے مطابق پہلے روز گیند نے کچھ سیم کیا لیکن پرانی ہونے کے بعد پچ پر بیٹنگ نسبتاً آسان محسوس ہوئی۔

اس میچ میں مچل اسٹارک نمایاں رہے جنہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرکے بنگلادیش کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا۔