اسیتھا فرنینڈو سے تلخ کلامی کیوں ہوئی؟ جیسوال نے خاموشی توڑ دی

صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب جیسوال کا ہیلمٹ فرنینڈو کے ماتھے سے چھوتا دکھائی دیا


اسپورٹس ڈیسک August 24, 2026

بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال نے سری لنکا کے فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو کے ساتھ میدان میں ہونے والی تلخ کلامی کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے مؤقف کا اظہار کردیا۔

کولمبو میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز جیسوال اور فرنینڈو کے درمیان اس وقت گرما گرمی ہوئی جب بھارتی بیٹر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جیسوال نے آؤٹ ہونے سے قبل فرنینڈو کے ایک اوور میں تین چوکے لگائے تھے۔

پویلین واپس جاتے ہوئے فرنینڈو کی جانب سے مبینہ طور پر کیے گئے اشارے پر جیسوال واپس مڑے اور دونوں کھلاڑی آمنے سامنے آگئے۔

صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب جیسوال کا ہیلمٹ فرنینڈو کے ماتھے سے چھوتا دکھائی دیا۔  تاہم سری لنکن کپتان دھننجایا ڈی سلوا اور دیگر کھلاڑیوں نے مداخلت کرکے معاملہ ختم کرادیا۔

بعدازاں ایک سوشل میڈیا ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے جیسوال نے کہا کہ اگر کسی کو یہ معلوم نہیں کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کیا بات ہوئی تو اسے واقعے پر فوری فیصلہ نہیں دینا چاہیے۔

ان کے مطابق بھارت کسی بھی معاملے میں جواب دینے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

دوسری جانب بھارتی بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے بھی کہا کہ جیسوال کو فرنینڈو کے اتنے قریب نہیں جانا چاہیے تھا تاہم میدان میں ایسے واقعات پیش آجاتے ہیں۔