امریکا: 66 سالہ خاتون نے اسکیٹ بورڈنگ میں اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا

جوڈی اویاما نے صرف 13 سال کی عمر میں اسکیٹ بورڈنگ شروع کی تھی


ویب ڈیسک August 26, 2026
(تصویر: گینیز ورلڈ ریکارڈ)

امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی جوڈی اویاما نے 66 برس کی عمر میں مسابقتی اسکیٹ بورڈنگ کا اپنا ہی عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنا دیا۔

جوڈی اویاما نے نومبر 2025 میں برازیل میں ہونے والی انٹرنیشنل سلالوم اسکیٹ بورڈنگ ورلڈ چیمپئن شپ میں حصہ لیا، جہاں ان کی عمر 66 سال اور 25 دن تھی۔ گینیز ورلڈ ریکارڈز نے ان کی شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں دنیا کی معمر ترین مسابقتی خاتون اسکیٹ بورڈر قرار دیا۔

جوڈی نے صرف 13 سال کی عمر میں اسکیٹ بورڈنگ شروع کی تھی اور 1975 میں باقاعدہ مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا۔ وہ 2018 میں اسکیٹ بورڈنگ ہال آف فیم کا حصہ بھی بنیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ریکارڈ بھی ان ہی کے نام تھا جو انہوں نے 2024 میں 64 سال کی عمر میں قائم کیا تھا۔ اب جوڈی کی نظریں اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ اسکیٹ گیمز پر ہیں، جہاں وہ ایک بار پھر اپنا ہی ریکارڈ بہتر بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

جوڈی کا کہنا ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ اب انہیں کسی کو کچھ ثابت کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ تاہم، وہ ہر سال اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتی ہیں۔