کراچی کے علاقے بفرزون میں مرغیوں کے ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کیا اور ٹرک قبضے میں لے لیا اور جمالی پل کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی شخص دم توڑ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بفرزون سیون سی بس اسٹاپ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہوگیا جنہیں تشویش ناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ایس ایچ او تیموریہ ثاقب خان نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 17 سالہ سید محب علی کے نام سے ہوئی اور وہ گلبرگ موسیٰ کالونی کے رہائشی تھے، حادثہ مرغیوں سے لدے ہوئے مزدا ٹرک سے پیش آیا تھا، جس کے ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کر کے ٹرک قبضے میں لےلیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ متوفی کے ورثا کا کہنا ہے کہ وہ تدفین کے بعد مقدمہ درج کرانے آئیں گے، دریں اثنا سپر ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں شدید زخمی 45 سالہ شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق حادثہ منگل کی صبح گیارہ بجے کے قریب سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے سے شدید زخمی ہو کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ متوفی راہگیر تھا جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔