کراچی، خود ساختہ اغوا برائے تاوان کا ڈرامہ رچانے والا ٹھیکیدار فیصل آباد بازباب

ٹھیکیداری کے کام میں لی گئی رقم خرچ ہونے پر اغوا کا ڈرامہ رچایا، خودساختہ اغوا کار


اسٹاف رپورٹر August 26, 2026

کراچی:

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے خود ساختہ اغوا برائے تاوان کا ڈرامہ رچانے والے مغوی 45 سالہ عمران رفیق کو فیصل آباد سے بازیاب کرالیا۔

ترجمان کے مطابق اے وی سی سی کے مطابق 18 اگست کو عمران رفیق نامی شخص اپنے کام کے لیے گھر سے گیا جو واپس نہیں آیا بعدازاں 20 اگست کو مغوی نے اپنی اہلیہ کو واٹس ایپ پر کال کر کے بتایا کہ مجھے نامعلوم ملزمان نے اغوا کر کے مجھ سے 60 لاکھ روپے بھی لے لیے ہیں اور رہائی کے عوض 3 کروڑ روپے تاوان طلب کر رہے ہیں۔

جس کا مقدمہ اغوا برائے تاوان اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے کے تحت شاہ فیصل کالونی تھانے میں درج کیا گیا جس کی تفتیش اے وی سی سی کو منتقل کی گئی۔

اے وی سی سی پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں اور ہیومن انٹیلیجنس پر کام کرتے ہوئے پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران مغوی عمران رفیق بازیاب کرالیا۔

جس نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ مجھے کسی نے اغوا نہیں کیا تھا میں ٹھیکیداری کا کام کرتا ہوں کافی ٹھیکوں کے عوض جو پیسے لیے ہوئے تھے جو کہ مجھ سے خرچ ہوگئے جسکی وجہ سے میں نے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچایا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے ۔