اسلام آباد:
پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ پمز واقعے کے بعد وزیرِ صحت رہنے کا کوئی جواز نہیں بچا، مصطفی کمال مستعفی ہوں۔
وفاقی دارالحکومت کے پمز اسپتال میں آگ لگنے کے واقعے میں 15 بچوں کی اموات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی اور رہنما پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے سیکریٹری صحت کو عہدے سے ہٹا دیا، مگر کیا احتساب صرف ایک افسر تک محدود رہے گا؟
انہوں نے کہا کہ اگر اس ملک میں سیاسی و اخلاقی ذمہ داری نام کی کوئی چیز باقی ہے تو وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کو فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔
شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے وفاقی اسپتال ان کی براہِ راست ذمہ داری ہیں۔ جب اپنے زیرِ انتظام اسپتالوں میں بنیادی انتظام، نگرانی اور مریضوں کی حفاظت یقینی نہیں بنا سکتے تو پھر وزارتِ صحت چلانے کا کیا جواز باقی رہ جاتا ہے؟
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ سیکریٹری کو قربانی کا بکرا بنا کر وزیر کو بری الذمہ نہیں کیا جا سکتا۔ اختیار وزیر کا ہے تو جوابدہی بھی وزیر کی ہونی چاہیے-