دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج اور پولیس شانہ بشانہ،عوام کا بھرپور اعتماد

پاک فوج کی عوامی سرگرمیاں اور عوام کا پرجوش ردعمل ثبوت ہے کہ عوام اور پاک فوج ہر حال میں شانہ بشانہ ہیں


ویب ڈیسک August 27, 2026

ملک میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج اور پولیس شانہ بشانہ نبرد آزما ہیں جب کہ عوام سیکیورٹی فورسز پربھرپوراعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج اور پولیس سیسہ پلائی دیوار بن گئے، جس پر عوام کی طرف سے فوج اورپولیس کی بھرپورستائش کی جا رہی ہے۔

کور کمانڈر پشاورنے ضلع دیر کادورہ کرکے پولیس افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، جس میں آئی جی  خیبر پختونخوا  سمیت پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران اور سول حکام بھی موجود تھے۔ کور کمانڈر پشاور نے دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں اور اہم کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔

دوسری جانب پاک فوج کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے لکی مروت بازارکا دورہ کیا، جہاں مقامی افراد کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کی جانب سے مستحق خاندانوں میں راشن اورڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔

لکی مروت کے دورے کے دوران جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بچوں سے بھرپورشفقت کااظہارکیا جب کہ لکی مروت کی مقامی آبادی کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور پاک فوج پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

پاک فوج کی عوامی سرگرمیاں اور عوام کا پرجوش ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اور پاک فوج ہر حال میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔