عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست کی فوری سماعت کےلیے ایک اور درخواست دائر

رجسٹرار آفس نے فوری سماعت کی پہلی درخواست مسترد کردی تھی


ویب ڈیسک August 27, 2026

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ عظمی خان نے سپریم کورٹ میں عمران خان کی ہسپتال منتقلی کیس سے متعلق توہین عدالت کی درخواست کی فوری سماعت کے لیے ایک اور درخواست دائر کردی۔

رجسٹرار آفس نے فوری سماعت کی پہلی درخواست مسترد کردی تھی، درخواست  کے مطابق عمران خان کی جیل میں صحت بگڑ رہی ہے، سپریم کورٹ کے حکم کی عدولی کرکے بانی کو پمز لیجایا گیا، بانی کی صحت اور زندگی سے معاملہ انتہائی اہم ہے۔

درخواست کے مطابق عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے، سپریم کورٹ حکم پر جان بوجھ کر اصل روح کے ساتھ عمل درآمد نہیں کیا گیا، ​عدالت کے 18 اگست کے حکم پر فوری اور مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ​عدلیہ کے حکم پر مسلسل عمل نہ کرنا ارادی، صریح اور قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے، کیسز فکسیشن پالیسی توہین عدالت کی فوری سماعت میں  رکاوٹ نہیں ہے، اس قبل 25 اگست کو فوری سماعت کی درخواست کو مسترد کیا گیا۔

اس میں کہا گیا کہ توہین عدالت درخواست پر فوری سماعت کیلئے فکس کیا جائے، توہین عدالت درخواست پر رواں یا آئندہ ہفتہ سماعت کی جائے، 16 ستمبر کو کیس فکس کرنے کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔