پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کل سے اگلے 8 روز تک شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

پنجاب اور خیبرپختونخوا پی ڈی ایم ایز نے اضلاع اور متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیا، پیشگی اقدامات کی ہدایت


ویب ڈیسک August 28, 2026

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ عوام کو احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے  آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا جس کے مطابق  29 اگست سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گجرات، لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپورتھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں بارشوں کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ جبکہ مری،  گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ مون سون اسپیل کے پیش نظر ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی تاکید کی اور پیشگی انتظامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

سیف انور نے کہا کہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں،  بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں کیونکہ مون سون میں سب سے زیادہ حادثات و اموات کچے مکانات کی وجہ سے ہوتی ہیں۔

ڈی جی نے کہا کہ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ اس کے علاوہ عوام ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے تیز ہواؤں اور گرج چمک  کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے کےک مطابق 29 اگست سے 5 ستمبر تک خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ 

مون سون کے نئے اسپیل کے تحت چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بھی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 4 ستمبر تک کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک اور وزیرستان کے اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، شدید بارشوں کے باعث بالائی اضلاع کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں 31 اگست سے 5 ستمبر تک شہری سیلاب کا خدشہ بھی ہے۔

الرٹ کے مطابق تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اور الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

الرٹ میں پی ڈی ایم اے نے کہا کہ سیاح اور مسافر موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ سیاحوں کو شدید بارش کے دوران ٹریکنگ، ہائیکنگ اور کیمپنگ سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ عوام ندی نالوں اور برساتی پانی سے دور رہیں جبکہ زیر آب سڑکوں کو عبور نہ کریں جبکہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی کر رہے ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1700 پر رابطہ کریں۔