کراچی: عدالت کا دہلی گورنمنٹ اسکول کا قبضہ اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے حوالے کرنے کا حکم

عدالت نے 2000 میں دہلی اینگلو عربک کالج اینڈ اسکول بوائز ایسوسی ایشن کے حق میں ڈگری جاری کی تھی


ویب ڈیسک August 29, 2026
فوٹو: فائل

کراچی میں سول جج وسطی کی عدالت نے دہلی گورنمنٹ اسکول کا قبضہ اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا اور اسکول کا قبضہ واگزار کرانے کی درخواست منظور کرلی۔

سول جج وسطی نے دہلی گورنمنٹ اسکول کے قبضے سے متعلق درخواست کا فیصلہ سنادیا ہے، عدالت نے تاریخ کا جائزہ لیتے ہوئے دہلی اسکول کی عمارت کا قبضہ اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے حوالے کرنے کا حتمی حکم دے دیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر اسد احمد نے مؤقف اپنایا کہ عدالتی ڈگری کے باوجود گزشتہ 25 سال سے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا جبکہ سرکاری وکیل نے طلبہ کی دوسرے اسکول منتقلی اور عمل درآمد کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کردی۔

ایسوسی ایشن کے وکیل نے کہا کہ مہلت نہ دی جائے کیونکہ 2007 میں بھی دوبارہ قبضہ کیا گیا تھا، عدالت نے 2009 میں طلبہ کو 15 دن کے اندر دوسرے اسکول منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 15 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود عدالت کے فیصلے پر عمل نہ ہونا افسوس ناک ہے۔

عدالت نے 2000 میں دہلی اینگلو عربک کالج اینڈ اسکول بوائز ایسوسی ایشن کے حق میں ڈگری جاری کی تھی۔