کراچی، فائرنگ کے واقعات میں نوعمر لڑکی اور بزرگ شہری زخمی

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا


اسٹاف رپورٹر August 30, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں نوعمر لڑکی اور بزرگ شہری زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملیر الفلاح سوسائٹی کے قریب فائرنگ سے نوعمر لڑکی زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔ 

چھیپا حکام کے مطابق مضروبہ کی شناخت 15 سالہ زوہا کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی گھر کے اندر کاندھے کے قریب لگنے سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔

ایک اور واقعہ میں محمود آباد 2 نمبر ٹی پی ٹو گیٹ کے قریب فائرنگ سے بزرگ شہری زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔

چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ شہری کی شناخت 62 سالہ ذوالفقار احمد کے نام سے کی گئی جسے دونوں ٹانگوں پر گولیاں لگی تھیں جبکہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا بتایا جا رہا ہے متعلقہ تھانوں کی پولیس دونوں واقعات کی مزید تفتیش کر رہی ہے ۔