لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو راولپنڈی، اسلام آباد میں دھرنے دیں گے، حافظ نعیم

کارکن تالے توڑ کر اندر جانے کو تیار ہیں تاہم انہیں روکا ہوا ہےامیر جماعت اسلامی


آصف محمود August 30, 2026

لاہور:

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آج راولپنڈی میں لیاقت باغ جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو راولپنڈی اور اسلام آباد کی سڑکوں پر دھرنے دیے جائیں گے۔

چیئرنگ کراس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب حکومت کو جماعت اسلامی کا دھرنا آنکھوں میں کھٹک رہا ہے، اسی لیے لیاقت باغ کو تالے لگا دیے گئے ہیں۔  وہ آج راولپنڈی جا رہے ہیں جہاں تاجروں سے ملاقات اور لیاقت باغ میں جلسہ ہوگا۔ انتظامیہ نے لیاقت باغ کو تالے لگا رکھے ہیں، کارکن تالے توڑ کر اندر جانے کو تیار ہیں تاہم انہیں روکا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے پرامن ہیں، ہم کسی کا سر نہیں پھاڑتے، آگ نہیں لگاتے اور نہ ہی گملے توڑتے ہیں۔ آج تک کہیں ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا۔ حکومت اگر طاقت کے ذریعے دھرنے ختم کرنا چاہتی ہے تو زور بازو آزما کر دیکھ لے، یہ طریقے ہم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ جماعت اسلامی کو تھکا کر کارکنوں کو گھروں کو بھیج دے گی، لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ کراچی، حیدرآباد، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں دھرنے جاری ہیں اور یہ احتجاج عوامی تحریک میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابتدا میں مذاکرات کے لیے رابطہ کیا تھا، جماعت اسلامی نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا۔ ہمیں مذاکرات کی جلدی نہیں، اگر حکومت عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے تو آکر بات کرے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس پروگرام میں کرپشن ہے اور یہ قوم کو بھکاری بنانے کا پروگرام بن گیا ہے۔ لوگوں کو تعلیم اور ہنر دینے کے بجائے ہر تین ماہ بعد رقم دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے حکومتی اخراجات اور لاکھوں لیٹر پیٹرول کے استعمال کو بھی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت اگر سمجھتی ہے کہ طاقت کے ذریعے جماعت اسلامی کے دھرنے ختم کر دے گی تو زور بازو آزما کر دیکھ لے، جماعت اسلامی اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھے گی۔