پاکستانی طلباء کی عالمی پلیٹ فارم پر شاندار سفارتی کامیابی، پاکستان کا سر فخر سے بلند

سیڈار کالج اینڈ اسکول نے 70 سے زائد وفود کے درمیان نمایاں بہترین مختصر وفد کا اعزاز حاصل کیا


ویب ڈیسک August 30, 2026

اسلام آباد:

با صلاحیت پاکستانی طلباء نے ہارورڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز چائنا میں شاندار کامیابی حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

سیڈار کالج اینڈ اسکول نے 70 سے زائد وفود کے درمیان نمایاں بہترین مختصر وفد کا اعزاز حاصل کیا۔

پاکستانی طلباء نے تین بہترین مندوب اور دو نمایاں سفارتی کارکردگی کے اعزازات سمیت مجموعی طور پر پانچ انفرادی اعزازات حاصل کیے۔ ٹیم میں شامل دیگر ارکان نوین راج، محمد احمد حسین اور ملیحہ علی نے بہترین مندوب کے اعزازات اپنے نام کرلیے۔

پاکستانی طالبات سلیقہ مرتضیٰ اور علیشبا وزیر کو بہترین سفارت کار کے اعزاز سے نوازا گیا۔ پاکستانی طلباء نے عالمی مسائل پر گفتگو کے دوران بہترین سفارت کاری، قیادت اور تنقیدی سوچ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

بیکن ہاؤس اسکول لاہور کے طالبعلم حسام معظم نے بھی پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے باوقار آنریبل مینشن ایوارڈ حاصل کیا۔ پاکستانی طالبعلم حسام معظم کی بہترین تقریری صلاحیتوں، اعتماد اور غیر معمولی سفارتی مہارت نے انہیں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا۔

پاکستانی طلباء کی عالمی کامیابی نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی نوجوان صلاحیت اور اعتماد میں کسی سے کم نہیں۔