کراچی: پلمبر کے بھیس میں آنے والے ملزمان گھر سے 16 تولہ سونا اور نقدی لے اڑے، فوٹیج سامنے آگئی

 پلمبنگ کے کام کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واردات کی اور فرار ہوگئے


اسٹاف رپورٹر August 30, 2026

کراچی:

عزیزآباد کے علاقے آصف نگر بلاک 9 میں پلمبر کے بھیس میں آنے والے 2 ملزمان گھر سے 16 تولہ سونا اور نقد رقم چوری کرکے فرار ہوگئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو فراہم کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق واردات 28 اگست کو مکان نمبر R-186 میں پیش آئی، متاثرہ شخص شاہد کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں خواتین اور بزرگ والدین موجود تھے۔ متاثرہ خاندان کے سربراہ نماز کے لیے گھر سے روانہ ہوئے تو راستے میں 2 افراد سے ملاقات ہوئی، جنہوں نے خود کو پلمبر ظاہر کیا۔

 ان کے مطابق نماز کی ادائیگی کے بعد متاثرہ شخص گھر واپس پہنچا تو کچھ دیر بعد وہی دونوں افراد پلمبنگ کا کام کرنے کے بہانے گھر پہنچ گئے۔ راستے میں ہونے والی گفتگو کی وجہ سے اہلخانہ نے دونوں افراد پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں گھر میں داخل ہونے دیا۔

 پلمبنگ کے کام کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر سے 16 تولہ سونا اور پچاس ہزار روپے  نقد رقم چوری کرلی اور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو فراہم کردی گئی ہے، فوٹیج میں مبینہ ملزمان کے چہرے واضح طور پر نظر آرہے ہیں جس کی مدد سے ان کی شناخت ممکن ہے۔تاہم اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ جوہر آباد یوسف مہر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انکی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا۔