شمالی قبرص میں مسافر فیری ڈوبنے سے 8 افراد جاں بحق، متعدد لاپتا

کشتی کے کپتان اور عملے کے 7 افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، وزیراعظم ترک جمہوریہ شمالی قبرص


ویب ڈیسک August 30, 2026
فوٹو: رائٹرز

ترک جمہوریہ شمالی قبرص میں مسافر فیری ڈوبنے سے 8 افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ شمالی قبرص میں مسافر فیری الٹ گئی اور ڈوبنے سے 8 افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد لاپتا ہوگئے ہیں اور پولیس نے فیری کا کپتان اور عملے کے 7 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

مقامی میڈیا نے حادثے میں زندہ بچ جانے والے افراد کے حوالے سے بتایا کہ فیری کے اگلے حصے میں دھماکا ہوا اور اس کے بعد کشتی الٹ گئی، فیری میں لائف جیکٹس کی تعداد بھی کم تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فیری ڈوبنے کا حادثہ قبرص کے ساحل سے 6.5 کلومیٹر دور شمالی قبرص کی بندرگاہ سے ترکیہ کی سرزمین کی جانب روانگی کے کچھ ہی دیر بعد پیش آیا۔

ترک ٹی وی سے نشر ہونے والی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فیری پانی میں تیر رہی ہے اور لائف جیکٹس پہنے افراد نچلے حصے پر نظر آرہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ فیری میں مجموعی طور پر 267 افراد سوار تھے، جن میں سے 161 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا اور 76 افراد کو گھروں کو بھیج دیا گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حادثے میں تاحال 17 افراد لاپتا ہیں۔

ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیراعظم اونال اسٹل نے کہا کہ کشتی کے کپتان اور عملے کے 7 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔