پائیدار معاشی ترقی؛ پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے نئے مواقع

ہاؤسنگ فنانس، زراعت، ایس ایم ایز، ای وی اور برآمدی شعبوں کے لیے مالی سہولیات معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہیں، مشیر وزیر خزانہ


ویب ڈیسک August 31, 2026

ملک میں جامع مالیاتی شمولیت سے معاشی مواقع میں اضافہ اور سرمایہ کاری و ترقی کا نیا سفر شروع ہو چکا ہے۔

پاکستان میں مالی شمولیت کے فروغ سے سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق ہاؤسنگ فنانس، زراعت، ایس ایم ایز، ای وی اور برآمدی شعبوں کے لیے مالی سہولیات معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہیں۔

خرم شہزاد نے کہا کہ جامع مالیاتی نظام کے ذریعے سرمایہ کو پیداواری شعبوں، برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔ اپنا گھر پروگرام کے تحت درخواستوں میں 84 فیصد اضافہ، منظور شدہ فنانسنگ تقریباً 280 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

انہوں نے کہا کہ زرعی مالی رسائی میں بہتری سے کسانوں، چھوٹے کاشتکاروں اور دیہی معیشت کو سہارا مل رہا ہے۔ تقریباً 3 لاکھ 30 ہزار ایس ایم ایز کو 1.05 ٹریلین روپے کی رسمی فنانسنگ دستیابی سے کاروباری توسیع کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ نئے کریڈٹ اسکورنگ ماڈلز کے ذریعے روایتی ضمانتی نظام سے ہٹ کر کاروباروں کے لیے مالی سہولیات آسان بنائی جا رہی ہیں۔

خرم شہزاد کے مطابق گرین فنانس اقدامات کے تحت ای وی شعبے میں قرض فراہمی اور گاڑیوں کی ترسیل میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالیاتی شمولیت کو پیداوار، برآمدات اور سرمایہ کاری سے منسلک کر کے پاکستان میں کاروباری مسابقت اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔