لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کو بریک لگنے کے باعث گرمی کی شدت بڑھنے لگی ہے۔
صوبے میں مون سون کا سسٹم موجود ہے جس کے سبب مختلف اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج سہ پہر کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے چار ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا
دوسری جانب، خیبر پختونخوا کے علاقوں دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، بونیر، نوشہرہ، پشاور، صوابی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور مالاکنڈ میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند ایک مقامات پر گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مہمند، خیبر، باجوڑ، کوہاٹ، پارا چنار اور گردونواح میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
صوبے میں سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ میں 12، پارا چنار میں 08، مالم جبہ اور باچا خان ایئرپورٹ پر ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسماعیل خان میں 40، بنوں میں 39، پشاور میں 38، چترال میں 36، دیر اور سوات میں 35 جبکہ مالم جبہ میں 25 ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی
محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق 3 روز کے دوران شہر کا موسم جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران صبح و رات کے اوقات میں بوندا باندی ہونے کی توقع ہے۔
کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 تا 32 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
شہر میں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں متواتر بحال رہنے کی توقع ہے جبکہ کبھی کبھار ہواؤں کی رفتار بڑھنے کا امکان ہے۔
ضلع تھرپارکر اور سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں میں بوندا باندی ہو سکتی ہے، صوبے کے دیگر شہروں میں موسم گرم و مرطوب رہ سکتا ہے۔