کراچی: ڈیفنس میں بہن بھائی پر تشدد، پولیس سے جواب طلب

خاتون سیدہ نور العین نے مقدمہ درج کرنے اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔


ویب ڈیسک September 01, 2026

ایڈیشنل سیشن عدالت ساؤتھ نے ڈیفنس میں بااثر خاتون کی جانب سے بہن بھائی پر تشدد کے معاملے پر ایس ایس پی کمپلین سیل ساؤتھ اور ایس ایچ او درخشاں کو نوٹس جاری کردیئے۔

عدالت نے ایس ایس پی کمپلین اور ایس ایچ او درخشاں سے 2 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔ خاتون سیدہ نور العین نے مقدمہ درج کرنے اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں مریم علی رضا، بیٹا حماد رضا، بیٹی اور پولیس اہلکاروں کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے ہماری درخواست پر مقدمہ درج کرنے سے انکار کیا ہے، تشدد بھی ہم پر کیا گیا اور مقدمہ بھی ہم پر ہی درج کیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ پولیس سے مقدمہ اندراج کے لیے رجوع کے باوجود پولیس بااثر افراد کے خلاف مقدمہ درج نہیں کررہی، متاثرین تشدد اور مقدمے کے بعد شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

وکیل نے عدالت سے درخواست گزاروں پر تشدد کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور درخواست گزاروں کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی۔