کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سوئچ آن، 24 گھنٹوں میں مذہبی جماعت کے کارکن سمیت 3 افراد قتل

سرسید کے علاقے میں مسلح افراد نے فائرنگ کر مراد نامی شخص کو قتل کیا، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دیا ہے


منور خان September 01, 2026

کراچی میں ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ کا سوئچ آن ہوگیا، 24 گھنٹوں کے دوران مذہبی جماعت کے کارکن سمیت تین افراد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل میں دوسرے روز بھی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں چائے کے ہوٹل پر بیٹھا ہوا شخص جاں بحق ہوگیا ، بیٹے کے بیان کی روشنی میں پولیس قتل کی واردات کو جائیداد کے تنازعہ بتا رہی ہے۔

سرسید کے علاقے نارتھ کراچی بلال کالونی سیکٹر سیون اے میں چائے کے ہوٹل پر ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی اطلاع ملتے ہی سرسید پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کرنے بعد مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔

اس حوالے سے ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سرسید تھانے کے علاقے بلال کالونی سیکٹر سیون اے میں قائم چائے کے ہوٹل میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 42 سالہ علی مراد کے نام سے کی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کی بنیاد پر پیش آیا ، جاں بحق شخص کے بیٹے نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ میرے والد کی گزشتہ کئی سالوں سے جائیداد کے تنازعے پر رشتے داروں سے اختلاف اور دشمنی چلی آرہی تھی۔

ایس ایچ او سرسید عرفان آصف نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان آئے جس میں سے ایک اتر کر علی مراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا اور ساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے متعدد خول ملے ہیں جبکہ مقتول اسی علاقے بلال کالونی کا رہائشی ہے اور اس کا بیٹا برابر میں قائم ہوٹل پر ملازمت کرتا ہے اور اسی نے پولیس کو جائیداد کے حوالے سے خاندانی دشمنی کے حوالے سے بتایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس جائے وقوعہ سمیت دیگر مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے تاکہ واردات کے حوالے سے اہم شواہد حاصل کیے جا سکیں تاہم پولیس مقتول کے بیٹے اور دیگر اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔