سی سی ڈی سب انسپکٹر کو شہید کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا

ملزم نے آج صبح سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا، جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا


ویب ڈیسک September 02, 2026

سی سی ڈی سب انسپکٹر کو شہید کرنے والا ملزم عمر خان پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا۔

ملزم عمر خان نے آج صبح سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا، جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

ہلاک ملزم عمر خان پہلے بھی گرفتاری سے بچنے کے لیے سی سی ڈی کے ایک اہلکار پر فائرنگ کرکے فرار ہوچکا تھا۔ سب انسپکٹر کی شہادت کے بعد سی سی ڈی کی خصوصی ٹیمیں ملزم عمر خان کا تعاقب کررہی تھیں۔

سی سی ڈی ٹیم نے ملزم عمر خان کو راولپنڈی کے علاقے میں ٹریس کرکے ہتھیار ڈالنے کا کہا، تاہم ملزم نے ہتھیار ڈالنے کی بجائے سی سی ڈی ٹیم پر براہ راست فائرنگ شروع کردی۔ سی سی ڈی ٹیم نے بھی سیلف ڈیفنس میں فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں خطرناک ملزم عمر خان ہلاک ہوگیا۔

ترجمان سی سی ڈی نے کہا کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے منظم جرائم کے خاتمے کی کوشش کررہا ہے، جرائم پیشہ افراد کی مکمل سرکوبی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔