چارسدہ؛ بجلی کا بل زیادہ آنے پر ایک شخص دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

میٹر ریڈنگ سیکشن میں تکرار کے بعد میرے والد کو دل کا دورہ پڑا، متوفی کے بیٹے کا الزام


ویب ڈیسک September 02, 2026

چارسدہ میں بجلی کا بل زیادہ آنے پر ایک شخص دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا، متوفی محکمہ تعلیم کا ریٹائرڈ ملازم تھا۔

متوفی کے بیٹے نوراللہ نے الزام لگایا کہ والد نور حسن شکایت درج کرنے کے لیے پیسکو دفتر آئے تھے، میٹر ریڈنگ سیکشن میں تکرار کے بعد میرے والد کو دل کا دورہ پڑا۔

بیٹے کے مطابق میٹر میں ریڈنگ نہ ہونے کے برابر تھی اور بل 50 ہزار روپے آیا، میرے والد کو دل کا دوڑہ پڑ گیا تو واپڈا حکام دفتر سے بھاگ گئے۔

متوفی کے بیٹے نے متعلقہ میٹر ریڈر فیاض کے خلاف ایف آئی آر کے لیے پولیس کو درخواست دے دی۔

دوسری جانب، ایس ڈی او پیسکو کا کہنا ہے کہ متوفی نور حسن کے ساتھ پیسکو دفتر میں کوئی بدتمیزی یا تکرار نہیں ہوئی، متوفی نور حسن نے بجلی بل کے حوالے سے عدالت سے رجوع کیا تھا اور عدالتی فیصلے کی رو سے متوفی کے بل کی تصحیح کرکے 12 ہزار روپے کر دیا گیا۔