پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی اجلاس؛ پیٹرول کی ڈی ریگولیشن کے لیے جون 2027 کے ہدف کی سفارش

کمیٹی کی سفارشات کا مقصد مارکیٹ کی کارکردگی بہتر بنانا اور صارفین کو قیمتوں میں اچانک اتار چڑھاؤ سے تحفظ فراہم کرنا ہے


ویب ڈیسک September 03, 2026
فائل

اسلام آباد:

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مزید شفاف، قابلِ پیش گوئی اور مارکیٹ پر مبنی بنانے کے لیے مختلف سفارشات پر اتفاق کیا گیا۔

کمیٹی نے پیٹرول کی ڈی ریگولیشن کے لیے جون 2027 کے ممکنہ ہدف کی سفارش کرتے ہوئے قیمتوں کو بتدریج مسابقتی اور مارکیٹ پر مبنی نظام کی جانب منتقل کرنے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ کمیٹی کی سفارشات کا مقصد مارکیٹ کی کارکردگی بہتر بنانا اور صارفین کو قیمتوں میں اچانک اتار چڑھاؤ سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ کمیٹی کی حتمی رپورٹ جلد وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔

کمیٹی نے ہنگامی حالات میں ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی صورت میں حکومتی مداخلت کے لیے رہنما اصول بھی طے کیے۔

اجلاس میں انلینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن (IFEM) کے تعین کے لیے نظرثانی شدہ طریقہ کار پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اوگرا نے یقین دہانی کرائی کہ مالی سال 2026 کے IFEM کا آڈٹ کیلنڈر سال 2026 کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا۔

کمیٹی نے اوگرا کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے تحریری سفارشات پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مارکیٹ کی حتمی ڈی ریگولیشن کے پیش نظر مناسب ایندھن کے ذخائر برقرار رکھنا زیادہ موزوں ہوگا۔