حکومت پر منحصر ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کتنی سنجیدہ ہے، لیاقت بلوچ

یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ کتنی سنجیدگی اور کتنے وقت میں مسئلہ حل کرتی ہے، چیئرمین مذاکراتی ٹیم لیاقت بلوچ


ویب ڈیسک September 04, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

چیئرمین مذاکراتی ٹیم و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ کتنی سنجیدگی اور کتنے وقت میں مسئلہ حل کرتی ہے۔

چیئرمین مذاکراتی ٹیم و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں بتایا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے، آئی پی پیز معاہدے ختم، بجلی اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کے لیے وزیراعظم اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عنایت اللہ خان، فراست علی شاہ، ضیاء الدین انصاری، نصر اللہ رندھاوا اور نوید علی بیگ مذاکراتی ٹیم کے ممبرز ہوں گے۔

چیئرمین مذاکراتی ٹیم کا کہنا تھا کہ دھرنے، احتجاج اور جلسے ملک بھر میں جاری رہیں گے کیونکہ جماعت اسلامی کے دھرنے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک گیر ہڑتال کے دوران حکومتی وفد مذاکرات کے لیے جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹر منصورہ پہنچا جہاں فریقین کے درمیان مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات کے دوران جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت تین مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھے تھے۔ حکومتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ آپ کے مطالبات جائز ہیں مگر پیٹرولیم منصوعات کی قیمت عالمی تناظر میں رکھنا ہوں گی، ہماری تو پہلی ترجیح عوام کو ریلیف دینا ہی ہے۔

حکومتی وفد اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ملاقات کے بعد میڈیا کے سامنے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی تھی۔