ایران خطے میں مشترکہ سیکیورٹی سے متعلق چین کی تجویز کا حامی ہے، باقر قالیباف

مشترکہ سیکیورٹی اپنانے پر چین کی تجویز اسی اصول کے مطابق ہے جس کی ایران طویل عرصے سے وکالت کرتا آرہا ہے


ویب ڈیسک September 05, 2026

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران خطے میں مشترکہ سیکیورٹی سے متعلق چین کی تجویز کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ مشترکہ سیکیورٹی اپنانے پر چین کی تجویز اسی اصول کے مطابق ہے جس کی ایران طویل عرصے سے وکالت کرتا آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنے مستقبل کی ذمہ داری خود سنبھالنی چاہیے۔ حقیقی استحکام اسی وقت ممکن ہے جب خطے میں ایسا نیا سیکیورٹی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے جو اسی خطے کی ضروریات کے مطابق ہو اور ایران اس مقصد کے لیے تیار ہے۔

قالیباف کے مطابق ایران ہمیشہ علاقائی ممالک پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ خطے سے باہر کی طاقتوں پر انحصار کم کرکے باہمی تعاون کے ذریعے سیکیورٹی انتظامات کریں۔

واضح رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی مشرق وسطیٰ میں نئے سیکیورٹی ڈھانچے کے قیام کے لیے چار نکاتی حکمت عملی پر زور دیا ہے۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات میں شی جن پنگ نے مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور دیرپا سیکیورٹی کے قیام کی تجویز پیش کی تھی۔