ایران جنگ میں ذہنی دباؤ؛ 5 ہزار امریکی فوجی اپنی تھکن اتارنے تھائی لینڈ پہنچ گئے

امریکی فوجی پٹایا میں 5 روز قیام کریں گے جہاں انھیں آرام کرنے، خریداری اور تفریح کے مواقع میسر ہوں گے


ویب ڈیسک September 05, 2026
ہزاروں امریکی فوجی ایران جنگ کی تھکن اتارنے تھائی لینڈ پہنچ گئے (اے آئی سے بنوائی گئی تصوراتی تصویر)

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران مسلسل کئی ماہ سے سمندر میں سیکیورٹی فرائض انجام دینے والے تقریباً 5 ہزار امریکی فوجی اہلکار طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کے ذریعے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا پہنچ گئے.

برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق امریکی فوجی ایران کے ساتھ جنگ کے بعد تھکن اتارنے پٹایا میں 5 روز قیام کریں گے جہاں انھیں آرام کرنے، خریداری اور تفریح کے مواقع میسر ہوں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض امریکی فوجی اہلکار ناخنوں کی سجاوٹ، مساج، خریداری اور تحائف لینے کے لیے شہر جا رہے ہیں جبکہ متعدد اہلکار مقامی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

کچھ امریکی فوجیوں نے بتایا کہ وہ نئے موزے، ذاتی استعمال کی اشیا اور اپنی اہلیہ کے لیے تحائف خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

286 دن سمندر میں قیام

امریکی بحری جہاز کا عملہ ایران کے ساتھ جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں فوجی کارروائیوں کے باعث تقریباً 286 دن سمندر میں موجود رہا۔

طویل عرصے تک بحری جہاز پر قیام کے دوران اہلکاروں کے رہائشی حالات اور ذہنی صحت کے حوالے سے سوالات بھی اٹھائے گئے۔

رپورٹس کے مطابق جہاز پر موجود بعض اہلکاروں کو شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور خودکشی کی کوششوں کے واقعات بھی سامنے آئے۔

یو ایس ایس ابراہم لنکن کے کپتان نے بھی اعتراف کیا کہ طویل سمندری تعیناتی کے دوران عملے کو تازہ پھلوں اور سبزیوں کی کمی جیسے مسائل کا سامنا رہا تھا۔

پٹایا میں کاروباری سرگرمیاں تیز

امریکی فوجیوں کی بڑی تعداد میں آمد سے پٹایا کے مقامی کاروباروں نے بھی فائدہ اٹھانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔

مقامی درزی امریکی فوجیوں کو صرف 24 گھنٹے میں کپڑے تیار کرکے دینے کی پیشکش کر رہے ہیں جبکہ بعض ریستورانوں نے فوجی اہلکاروں کے لیے خصوصی رعایتیں بھی متعارف کرائی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی فاسٹ فوڈ اور ملبوسات کے برانڈز کی فروخت میں اضافے کی اطلاعات ہیں تاہم بعض چھوٹے کاروباری مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں توقع کے مطابق کاروباری فائدہ نہیں ہوا۔

پٹایا اپنی تفریحی اور رات کی زندگی کے ساتھ ساتھ ریڈ لائٹ علاقے کے باعث بھی عالمی سطح پر معروف ہے جس کی وجہ سے امریکی فوجیوں کی آمد نے شہر میں خاصی دلچسپی پیدا کی ہے۔

امریکی فوجیوں کی سیر و تفریخ کتنا ریونیو جمع ہوگا؟

پٹایا کے میئر پورامت نگام پچیت نے بتایا کہ اگر ہر امریکی فوجی اہلکار روزانہ اوسطاً 100 سے 150 ڈالر خرچ کرے تو 5 روزہ قیام کے دوران مقامی معیشت کو تقریباً 100 ملین تھائی بھات، یعنی 3 ملین ڈالر کا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

یوں طویل جنگی تعیناتی کے بعد امریکی فوجیوں کا تھائی لینڈ میں قیام جہاں انہیں آرام اور تفریح کا موقع فراہم کر رہا ہے وہیں پٹایا کے کاروباری شعبے کے لیے بھی اضافی آمدنی کا ذریعہ بن گیا ہے۔