متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے لیے جانے والے غیرملکی کارکنوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی بعض حالات میں ملازمت کے قوانین کی خلاف ورزی پر نئے ورک پرمٹ کے حصول پر ایک سال کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ پابندی وفاقی فرمان قانون نمبر 33 برائے 2021 کے تحت عائد کی جاسکتی ہے جو نجی شعبے میں ملازمت کے تعلقات کو منظم کرتا ہے اور جس کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے نجی شعبے میں کام کرنے والے غیرملکی کارکنوں کے لیے ان تین صورتحال کی وضاحت کی ہے جن میں انہیں 12 ماہ تک نیا ورک پرمٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت کے مطابق تین اہم حالات میں غیرملکی ملازم ایک سال کے لیے نئے ورک پرمٹ سے محروم ہوسکتے ہیں۔
1۔ پروبیشن کے دوران ملازمت چھوڑنا
اگر کوئی ملازم پروبیشن پیریڈ کے دوران اپنی ملازمت چھوڑ دیتا ہے تو اسے ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تاہم یہ پابندی اس صورت میں عائد ہوگی جب آجر نے ملازمت کے معاہدے کے تحت اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کی ہوں اور ملازم نے کسی جائز وجہ کے بغیر ملازمت قبل از وقت چھوڑ دی ہو۔
2۔ ملازمت سے غیرحاضری
اگر کوئی ملازم بغیر اجازت یا قابلِ قبول وجہ کے اپنی ملازمت پر حاضر نہ ہو اور آجر کی جانب سے اس کے خلاف ملازمت چھوڑنے کی رپورٹ درج کرائی جائے جس کی تصدیق ہوجائے تو بھی ایک سال کے لیے نیا ورک پرمٹ حاصل کرنے پر پابندی لگ سکتی ہے۔
3۔ جعلی کمپنی کا ورک پرمٹ
اگر کسی غیرملکی کے پاس ایسی کمپنی کا ورک پرمٹ ہو جو حقیقت میں موجود ہی نہ ہو یا جعلی ادارہ ثابت ہوجائے اور اسی بنیاد پر ورک پرمٹ منسوخ کردیا جائے تو متعلقہ شخص بھی ایک سال کی پابندی کی زد میں آسکتا ہے۔
پابندی کا کیا مطلب ہوگا؟
ایک سال کی پابندی عائد ہونے کی صورت میں متاثرہ غیرملکی کارکن اس مدت کے دوران متحدہ عرب امارات کے نجی شعبے میں نئی باقاعدہ ملازمت حاصل کرنے کے لیے نیا ورک پرمٹ نہیں لے سکے گا۔
اسی لیے متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے خواہشمند افراد، بالخصوص وہ افراد جو نئی ملازمت اختیار کرنے یا موجودہ ملازمت چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اپنے ملازمت کے معاہدے اور آجر کی قانونی حیثیت کی اچھی طرح جانچ کرنی چاہیے۔
جعلی کمپنیوں سے بھی ہوشیار رہیں
رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ غیرملکی کارکن ملازمت قبول کرنے سے پہلے کمپنی کے حقیقی ہونے اور ورک پرمٹ کے قانونی تقاضے پورے ہونے کی تصدیق کریں۔