پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال اور عبوری ریڈ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سلمان علی آغا کی کنگ چارلس سے ملاقات میں عدم شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔
پاکستانی اسکواڈ نے انگلینڈ کے دورے کے دوران کلیرنس ہاؤس میں کنگ چارلس سے ملاقات کی تھی، تاہم سلمان علی آغا کی عدم موجودگی پر مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں۔ بعض رپورٹس میں اسے تیسرے ٹیسٹ کے اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے پر احتجاج یا پاکستان کرکٹ بورڈ سے ناراضی سے جوڑا گیا تھا۔
مائیک ہیسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلمان علی آغا سمیت تین کھلاڑیوں کو ان کے ٹیم میں شامل ہونے سے پہلے ہی اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا تھا اور انہیں پہلے ہی بتادیا گیا تھا کہ وہ کنگ چارلس سے ملاقات میں شرکت نہیں کریں گے۔
ہیسن کا کہنا تھا کہ ملاقات میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست پہلے سے طے شدہ تھی اور اس میں آخری وقت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ انہوں نے قیاس آرائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگوں نے خود کہانی بنائی ہے اور ایسی صحافت ناقابل قبول ہے۔
واضح رہے کہ سلمان علی آغا سمیت 7 کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل اسکواڈ سے ریلیز کیا گیا تھا۔ پاکستان نے لیڈز اور لارڈز ٹیسٹ میں شکستوں کے بعد اسکواڈ میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں جبکہ کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے سرفراز احمد اور عمر گل کو ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔