پاکستان تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام، ریاستی جبر اور فسطائی ہتھکنڈوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں پی ٹی آئی نے کہا کہ حماد اظہر کو سیاسی بنیادوں پر مسلسل انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حکومت سیاسی مخالفین کو دبانے اور تحریک انصاف کی آواز خاموش کرنے کے لیے ریاستی طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔
حماد اظہر ایک سابق وفاقی وزیر ہیں، ان کے خلاف اگر کوئی مقدمہ ہے تو انہیں قانون کے مطابق عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔ سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کو بلاجواز گرفتار کرکے خوف و ہراس پھیلانا جمہوریت اور آئین کی روح کے منافی ہے۔
گرفتاریوں، مقدمات اور ریاستی جبر کے ذریعے عمران خان اور تحریک انصاف کے نظریے کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ ظلم و جبر کا ہر ہتھکنڈا عوام کے عزم کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔
تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ حماد اظہر کو فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے، ان کے بنیادی اور قانونی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے اور سیاسی انتقام کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔