جنگ 1965 کا ساتواں روز، بھارت کو کن محاذ پر بھاری نقصان اٹھانا پڑا؟

سات ستمبر کو 31 بھارتی طیارے تباہ ہوئے اور تباہ ہونے والے جہازوں کی کل تعداد 53 ہوگئی


ویب ڈیسک September 07, 2026

بھارت نے سن 1965 کی جنگ کے دوران پاکستان کو جنگ کا دائرہ مشرقی پاکستان تک بڑھانے کی دھمکی دی۔

بھارتی ترجمان نے اعتراف کیا کہ بھارتی افواج کا لاہور، سلیمانکی، فیروزپور پر حملہ ناکام رہا ہے اور بھارت کو ہر محاذ پر بھاری نقصان کا سامنا ہے۔

سات ستمبر کو 31 بھارتی طیارے تباہ ہوئے اور تباہ ہونے والے جہازوں کی کل تعداد 53 ہوگئی۔

صدر ایوب خان کا پاک فضائیہ کو شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صرف استصواب رائے ہی کشمیر میں امن لا سکتا ہے۔

ترجمان کشمیر انقلابی کونسل نے بھارت کو خبردار کیا کہ کشمیری بھارتی عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ پاک فوج کے کمانڈر اِن چیف جنرل موسیٰ نے ریٹائرڈ فوجی افسران اور سپاہیوں کو ڈیوٹی پر حاضرہونے کا حکم دیا۔

گورنر مشرقی پاکستان عبدالمنعم خان نے بھارت کو دھمکی دی کہ مشرقی پاکستان میں جارحیت پر بھارت کو بدترین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

پاک بحریہ کے چیف ایڈمرل اے آر خان نے بحری افواج کے نام پیغام میں کہا کہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں۔ پاکستان نیول شپس بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، عالمگیر، شاہ جہاں اور ٹیپو سلطان نے دشمن کو اس کی حدود میں روکے رکھا۔

میجر جنرل اختر حسین کو کشمیر میں جوڑیاں سیکٹر میں شاندار بہادری کا مظاہرہ کرنے پر ہلالِ جرات سے نوازا گیا۔

صدر ایوب خان نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل یوتھانٹ سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں سے کیے وعدے پورے کیے جائیں۔ پاکستان نے سکھ برادری کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مقدس مقامات کی حرمت ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔