کیف: روس نے تین روزہ وقفے کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف پر میزائلوں اور ڈرونز سے دوبارہ بڑا فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق حملوں کے دوران کیف کے مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ کم از کم 14 بلند عمارتوں، ایک ہاسٹل، اسکول، کلینک اور گوداموں سمیت متعدد مقامات کو نقصان پہنچا۔ ایک روسی ڈرون نے یوکرینی ٹی وی چینل کی عمارت کو بھی جزوی طور پر تباہ کردیا۔
یہ حملے امریکی امن مذاکرات کار جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف کے کیف سے روانہ ہونے کے بعد کیے گئے۔ دونوں امریکی نمائندوں نے روس اور یوکرین میں جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کے لیے بات چیت کی تھی۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے تقریباً تمام کروز میزائلوں اور دو بیلسٹک میزائلوں کو روک لیا۔ تاہم حملوں کے باعث کیف کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی جانی و مالی نقصان ہوا۔ شمالی علاقے سومی میں روسی ڈرون نے ایک ٹرین کو بھی نشانہ بنایا، جس کے بعد مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
روس اور یوکرین کے دارالحکومتوں پر تین روزہ حملوں کے وقفے کو امریکی امن مذاکرات کاروں کے دوروں کے دوران عارضی کشیدگی میں کمی کے طور پر دیکھا گیا تھا، تاہم کیف پر تازہ حملے سے جنگ بندی کی کوششوں کو ایک اور دھچکا لگا ہے۔