لاہور:
اسلام پورہ میں گھر سے پانچ تولہ سونا چوری ہونے کا ڈراپ سین ہوگیا، زیورات گھر سے ہی برآمد ہوئے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس کو اسلام پورہ اکرم پارک میں گھر سے 5 تولے سونے چوری ہونے کی کال موصول ہوئی، اسلام پورہ پولیس نے نامعلوم چور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تاہم دوران تفتیش پولیس کو واقعہ کی صورتحال کچھ مشکوک محسوس ہوئی۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے گھر کے اندر موجود شواہد اور حالات و واقعات کی جانچ کی، تفتیش آگے بڑھی تو 5 تولے سونے کے زیورات گھر سے ہی برآمد ہوگئے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق چوری کی واردات کے مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، واقعہ میں ملوث عناصر کا تعین کیا جا رہا ہے، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ شہری کسی بھی واقعے پر فوری پینک ہونے کے بجائے پہلے مکمل تصدیق کریں، شہری کسی واقعے کی اطلاع دیتے وقت درست معلومات فراہم کریں، تفتیش کے ذریعے اصل حقائق سامنے لانا پولیس کی ذمہ داری ہے۔