مسلمانوں کی حمایت پر بھارتی وزیراعلیٰ کی اہلیہ کو تنقید کا سامنا

انتہا پسند ہندو جماعت نے گربا تہوار میں مسلمانوں کی شرکت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا


ویب ڈیسک September 10, 2026
امریتا فڑنویس نے مہاراشٹر میں گربا تقریبات میں مسلمانوں کی حمایت کی۔

مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کی اہلیہ امریتا فڑنویس کے ہندو تہواروں گربا اور ڈانڈیا میں مسلمانوں کی شرکت پر جاری بیان نے پہلے سے بھڑکتے تنازع کو مزید ہوا دیدی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ کی اہلیہ امریتا فڑنویس نے ناگپور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ مجھے وزیراعلیٰ کی بیوی کے طور پر ملک کی ’سب سے زیادہ ٹرول ہونے والی شخصیت کا خطاب مل چکا ہے۔

مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کی اہلیہ امریتا فڑنویس نے کہا ہے کہ مذہبی تہوار سب کے لیے ہونے چاہئیں اور اگر کوئی مسلمان پُرامن انداز میں گربا میں شریک ہو تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔

انھوں نے ہندو تہوار گربا میں مسلمانوں کی شرکت سے متعلق تنازع پر کہا کہ تہواروں میں سب کو خوش آمدید کہنا چاہیے۔ دوسرے مذہب کے لوگ اپنی خوشی سے شریک ہوں اور کسی قسم کی بدامنی پیدا نہیں کریں تو اس میں کوئی حرج نہیں۔

امریتا فڑنویس کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مہاراشٹر میں آئندہ نورتری کے دوران گربا اور ڈانڈیا تقریبات میں مسلمانوں کی شرکت روکنے کا مطالبہ سیاسی اور سماجی بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔

یہ تنازع اس وقت مزید بڑھا جب مہاراشٹر کے وزیر اور بی جے پی رہنما نتیش رانے نے انتہا پسند جماعت وشوا ہندو پریشد کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گربا اور نورتری کی تقریبات کے دوران ’’لو جہاد‘‘ کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے۔

دوسری جانب وشوا ہندو پریشد نے مہاراشٹر میں نورتری کے دوران گربا اور ڈانڈیا تقریبات میں مسلمانوں کی شرکت روکنے کی ہدایت جاری کی۔ تنظیم نے منتظمین کو شرکا کے شنآختی کارڈ چیک کرنے اور ماتھے پر تلک لگانے جیسی تجاویز بھی دیں۔

وشوا ہندو پریشد کے ترجمان شری راج نائر نے کہا کہ نورتری محض رقص اور تفریح کا تہوار نہیں بلکہ ہندو دیوی کی عبادت سے وابستہ مذہبی تہوار ہے اس لیے ایسے افراد کی شرکت مناسب نہیں جو مورتی پوجا پر یقین نہیں رکھتے۔

امریتا فڑنویس کے بیان کو کانگریس سمیت بعض اپوزیشن رہنماؤں نے سراہا جبکہ شیوسینا کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے نے وشوا ہندو پریشد کی جانب سے ’’ہندو شناخت‘‘ کی جانچ کے مطالبے کو مسترد کردیا۔

 


Amruta Fadnavis Garba Controversy
مہاراشٹر میں گربا اور ڈانڈیا میں مسلمانوں کی شرکت کے تنازع پر امریتا فڑنویس نے کہا کہ تہوار سب کے لیے ہونے چاہئیں، پرامن انداز میں شریک ہونے والے مسلمانوں پر اعتراض نہیں