ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور نہ ہی کبھی دشمن کے سامنے جھکیں گے، صدر مسعود پزشکیان

صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اس وقت امریکا اور اسرائیل دونوں کے دباؤ کا کامیابی سے مقابلہ کر رہا ہے


ویب ڈیسک September 11, 2026

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور  نہ ہی دشمن کے سامنے کبھی جھکیں گے۔

نئی دہلی میں خطاب کرتے ہوئے  صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اس وقت امریکا اور اسرائیل دونوں کے دباؤ کا کامیابی سے مقابلہ کر رہا ہے۔ ہمیں دھمکایا اور دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ایران دباؤ قبول نہیں کرے گا۔ اگر ایران کو مزید دھکیلا گیا تو ایران بھی جواب دے گا۔

ایرانی صدر نے امریکا اور اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ہی حملے میں اسکول کے 168 بچوں کو شہید کیا، پھر ایران کو دہشت گرد کہا جاتا ہے حالانکہ انسانوں کو قتل کرنے والے خود اس سوال کا جواب دیں۔

انہوں نے کہا کہ سائنسدانوں، اسکولوں اور اسپتالوں پر حملے کیوں کیے جاتے ہیں؟ اگر ہمت ہے تو صرف فوج اور فوجی اہلکاروں سے لڑیں۔

مسعود پزشکیان نے سوال کیا کہ ایران کے بنیادی ڈھانچے، لوگوں کے روزگار اور ان کے ذرائع آمدن کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر جمعے کو بھارت پہنچے ہیں جہاں وہ برکس ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تنازع جاری ہے۔